ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین اور اموات میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق بدھ کو ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد دولاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ہندوستانی وزارت صحت نے بدھ کی صبح جو اعداد و شمار جاری کئے ہیں ان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان میں کورونا کے دو لاکھ آٹھ ہزار نو سو اکیس نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا ۔
نئے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو کروڑ اکہتر لاکھ ستاون ہزار سات سو پچانوے ہو گئی۔ اس دوران کورونا کے چار ہزار ایک سو ستاون مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ گیارہ ہزار تین سو اٹھاسی ہوگئی۔
ہندوستانی وزرات صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو لاکھ پچانوے ہزار نو سو پچپن مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد دو کروڑ تینتالیس لاکھ پچاس ہزار آٹھ سو سولہ ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد چوبیس لاکھ پچانوے ہزار پانچ سو اکیانوے بتائی گئی ہے۔