غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں 4 اور فلسطینیوں کی شہادت

(این ایچ نیوز پاک )غرب اردن میں فلسطینیوں پر غاصب صیہونیوں کی بربریت میں چار اور فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے جبکہ پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ تل ابیب اور صیہونی آبادی کے علاقوں پر فلسطین کی تحریک مزاحمت کے میزائل حملوں میں پانچ غاصب صیہونی ہلاک ہوئے ہیں۔

فلسطین کے طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی صبح غرب اردن کے شہر طوباس میں شمال کی طرف سے داخل ہونے والے راستے میں رشید محمد ابوعرہ نامی ایک سولہ سالہ فلسطینی نوجوان غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا اور شہید ہو گیا۔

اس رپورٹ کے مطابق ایک اور فلسطینی نوجوان صیہونی فوجیوں کی جانب سے جیپ سے کچلے جانے کے نتیجے میں زخمی ہو گیا۔

ادھر الخلیل کے جنوب میں واقع الفوار کیمپ میں حسین الطیطی نامی ایک فلسطینی نوجوان صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں شہید اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔

دریں اثنا فلسطینی اتھارٹی کے خفیہ اداروں نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں اور صیہونی آباد کاروں نے غرب اردن کے شمال میں فلسطینی اتھارٹی کے خفیہ ادارے کے ایک افسر کا قتل اور اس کے ایک ساتھی کو زخمی کر دیا۔

زعترہ چیک پوسٹ پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں احمد عبد الفتاح ضراغمہ نامی ایک فلسطینی نوجوان شہید اور اس کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا۔

اس سے قبل فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ پر غاصب صیہونی فوج کے فضائی حملوں میں پینتیس فلسطینیوں کی شہادت اور دو سو سے زائد کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔

غزہ پر صیہونی فوج کے فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں میں دس کمسن بچے بھی شامل ہیں ۔

صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کے مزاحمتی محاذ نے بھی منھ توڑ کارروائی انجام دی ۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تنظیم نے غزہ پٹی سے تل ابیب اور صیہونی آبادی کے علاقوں پر میزائیل برسائے ہیں جس سے متعدد اسرائیلی ہلاک اور گیارہ زخمی ہو گئے ہیں-

القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز تل ابیب کے جنوب میں واقع اشدود اور شمال میں واقع حیفا سے پورے دن سائرن کی آوازیں سنائی دیتی رہیں ۔

اسرائیلی فوج نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ پناہ گاہوں سے قریب ہی رہیں ۔صیہونی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے تل ابیب اور صیہونی آبادی کے علاقوں پر ایک ہزار پچاس راکٹ و میزائل فائر کئے گئۓ جن میں سے کچھ ہی کو ناکارہ بنایا جا سکا ہے۔

جبکہ ان حملوں میں اب تک مجموعی طور پر پانچ صیہونی ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر اسرائیل کے شہری ہوابازی کے ادارے نے تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے سے تمام پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ تل ابیب پر راکٹوں کے حملے کو بتایا گیا ہے ۔حماس کی فوجی شاخ القسام بریگیڈ نے بتایا ہے کہ اس نے منگل کی رات تل ابیب پر ایک سو تیس میزائیل فائر کئے ہیں ۔القسام بریگیڈ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تل ابیب پر اب تک کا سب سے بڑا میزائیل حملہ ہے جو اسرائیل کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنائے جانے کا جواب ہے ۔

القسام بریگیڈ نے اسرائیلی طیاروں کی جانب سے ایک تیرہ منزلہ رہائشی عمارت کو تباہ کئے جانے کے آدھے گھنٹے بعد ایک سو تیس میزائیل ، تل ابیب پر فائر کئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے