ہندوستان میں کورونا کے یومیہ معاملات چار لاکھ سے زائد

(این ایچ نیوز پاک )ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر بدستور پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹے میں مزید چار لاکھ بارہ ہزار نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے –

ہندوستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے چار لاکھ  بارہ ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں جو کہ یومیہ کیسز کے لحاظ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں چار لاکھ بارہ ہزار نو سو باسٹھ نئے کیسز آئے جبکہ اسی دوران تین ہزار نو سو اسی مریض جان کی بازی ہار گئے ۔

ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد بڑھ کر پینتیس لاکھ چھیاسٹھ ہزار تین سو اٹھانوے ہوگئی ہے جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ انتیس ہزار ایک سو تیرہ مریض صحتیاب ہوئے ہیں ۔

اس درمیان ماہرین نے ہندوستان میں تیسری لہر آنے کی بابت بھی خبردار کردیا ہے اور اس صورتحال میں ایک بار پھر ملک گیر لاک ڈاؤن کی قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں – ملک میں کورونا کے شدید طوفان پر قابو پانے کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعظم مودی نے اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں وزیرداخلہ اور وزیردفاع سمیت متعدد اعلی عہدیدار اور مرکزی وزرا بھی موجود تھے –

ہندوستان میں کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے اور ملک کے بیشتر شہروں میں آکسیجن اور آئی سی یو بیڈ کی شدید قلت کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر ہی دم توڑ رہے ہیں جبکہ بعض اسپتالوں سے ڈاکٹر فرار کرگئے ہیں –

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے شکارعوام انتہائی بے بس نظر آرہے ہیں اور ان میں حکومت کی کارکردگی کو لے کر شدید غم و غصہ بھی پایا جارہا ہے-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے