ملک خالد ایئربیس پر ایک اور کامیاب ڈرون حملہ
(این ایچ نیوز پاک )یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے آج صبح اعلان کیا کہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں خمیس مشیط میں واقع ملک خالد ہوائی اڈے پر ایک اور ڈرون حملہ کیا گیا ہے جو کامیاب رہا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ڈرون طیاروں نے ایک بار پھر اتوار کی صبح جنوبی سعودی عرب کے خمیس مشیط علاقے میں واقع ملک خالد ایئربیس کو قاصف کے ٹو، ڈرون طیاروں سے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں سعودی جارحیتوں اور محاصرے کا جواب ہیں اور یہ کارروائیاں یمن کے قانونی اور جائز حق کے دائرے میں کی جا رہی ہیں۔
یمنی فوج کے ڈرون طیاروں نے گذشتہ جمعرات، اتوار اور پیر کو بھی ملک خالد ایئربیس کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
اس سے قبل یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیردفاع محمد ناصرالعاطفی نے زور دے کر کہا تھا کہ اگر سعودی اتحاد، یمن کے خلاف اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے گا اس کو ہماری زیادہ تباہ کن کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب شہر مآرب کے اطراف میں جاری شدید جنگ میں سعودی اتحاد کے ایک سو پندرہ سے زائد فوجی ہلاک اور زخمی ہو ئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کر رہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب کے جنگ افروزی کے باعث اب تک سترہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی دسیوں لاکھ بے گھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔
سعودی اتحاد یمنی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت جاری رکھنے کے با وجود اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کرسکا ہے اور اسے ہر مقام پر اور ہر محاذ پر یمنی عوام کی سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔