سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے خلاف تحقیقات کا حکم
( این ایچ نیوز پاک )پاکستان کے وزیراعظم نے سعودی عرب میں متعین اپنے ملک کے سفیر اور سفارتی عملے کے خلاف سخت انکوائری کرانے کا اعلان کیا ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں کام کرنے والے مزدوروں کی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ ہمارا سفارت خانہ انہیں وہ سہولتیں اور خدمات فراہم نہیں کر رہا ہے جو اسے کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ہمارے سفارت خانے کا عملہ سعودی عرب میں کام کرنے والے محنت کشوں کی مدد کے بجائے ان سے پیسے لیتا رہا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے پوری تحقیقات کی جارہی ہیں حتی پاکستانی سفیر کے خلاف بھی انکوائری کا حکم دیا گیا ہے جبکہ غیر ضروری عملے کو فوری طور پر واپس بلاجارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں سے رشوت وصول کرنے والے پاکستانی سفارت خانے کے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سمندر پار پاکستانیوں سے ریکارڈ ترسیلات زر حاصل ہوئی ہیں تاہم یہ اب بھی بہت تھوڑی ہیں ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہوگا-