جاوید لطیف کی عبوری ضمانت منسوخ، گرفتار
پاکستان کی ایک عدالت نے ریاست مخالف کیس کی سماعت کے دوران اپوزیشن جماعت مسلم لیگ نون کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی عبوری ضمانت خارج کر دی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا-
اس سے قبل ریاست مخالف کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل اور ملزم جاوید لطف کے وکیل نے اپنے اپنے دلائل پیش کیے۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف کا متنازع بیان اپنے لیڈر کی محبت میں حدود سے تجاوز کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف کے بیان کی سی ڈی کو فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، پراسیکیوشن کا کیس قانون کے تمام تقاضوں کے مطابق ہے۔
دورانِ سماعت جاوید لطیف کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیئے کہ مریم نواز کو قتل کرنے کے لیے سازش تیار کی گئی، سازش کے تناظر میں جاوید لطیف نے یہ بات کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد اپوزیشن رہنما کی عبوری ضمانت منسوح کردی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔