فلسطینیوں کے راکٹوں نے اسرائیل کو دفاعی خول میں بند کردیا
(این ایچ نیوز پاک )فلسطینی مجاہدین کے راکٹ حملوں نے اسرائیل کو دفاعی پوزیشن اپنانے پر مجبور کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینی مجاہدین کے راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے ، پیر سےغزہ سے ملنے والے علاقوں میں فوجی مشقیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔غاصب صیہونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیر کے روز تمام دن سائرن بجائے جائیں گے اور شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقوں میں رہنے والے صیہونی آبادکاروں کو مناسب دفاعی اقدامات انجام دینا ہوں گے۔
دوسری جانب کتائب المجاہدین نامی استقامتی گروہ نے بھی غزہ میں وسیع فوجی مشقوں کا اعلان کردیا ہے۔
کتائب المجاہدین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی جغرافیائی حدود میں وعدالمفعول کے نام سے فوجی مشقیں انجام دی جائیں گی اور اسرائیل کی کسی بھی شرانگیزی کا بروقت جواب دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کی شب فلسطینی مسلح تنظیموں کے مشترکہ کمان سینٹر نے اعلان کیا تھا کہ مسجد الاقصی اور بیت المقدس ہماری ریڈ لائن ہے جہاں اس وقت صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں میں شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔
اس بیان کے ٹھیک چالیس منٹ بعد غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی علاقوں پر درجنوں راکٹ برسائے گئے تھے۔
صیہونی حکومت کے فوجی ترجمان نے اعتراف کیا تھا کہ جمعے کی علی الصبح غزہ سے چھتیس راکٹ برسائے گئے تھے اور ہمارا دفاعی نظام صرف چھے راکٹوں کا پتہ لگا کر انہیں تباہ کرسکا ہے۔