کورونا میں شدت، اسلام آباد کو سیل کرنے کا حکم

(این ایچ نیوز پاک )پاکستان میں کورونا کی تیسری لہرکے شدت اختیار کرجانے کے بعد مقامی حکام نے دارالحکومت اسلام آباد کو تین روز کے لیے سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیارپورٹوں  کے مطابق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کورونا پروٹوکول کے تحت آج رات بارہ بجے سے دارالحکومت کے تمام بس اڈے بند کردیئے جائیں گے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ رات بارہ کے بعد کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہ تو شہر میں داخل ہو سکی گی اور نہ باہر جا سکے گی۔ تازہ پابندی اتوار کی رات بارہ بجے تک رہے گی۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر بتایا جاتا ہے۔

پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو پانچ افراد کورونا سے ہلاک ہوئے جن میں سے ستاون اموات صرف صوبہ پنجاب میں ریکارڈ کی گئیں۔

 تازہ  اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے  کے دوران کورونا وائرس کے مزید پانچ ہزارتین سو بارہ مریض سامنے آئے ہیں۔

پاکستان بھر میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد ستر ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جن میں سے چار ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے