یمن سے متعلق امریکی پالیسیوں پر کڑی تنقید

(این ایچ نیوز پاک )یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے چیئرمین نے اپنے ملک کے بارے میں امریکہ کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی ہے-

  یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے چیئرمین محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ امریکی دعوی کرتے ہیں کہ انھوں نے انصاراللہ کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکال دیا ہے، اگر ایسا ہے تو کیوں یمنی عوام کا محاصرہ جاری ہے اور اس سلسلے میں کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے؟۔

انھوں نے کہا کہ امریکی حکام ، صرف باتیں بناتے ہیں کہ وہ یمن میں انسانی بحران ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ جنگ یمن کے خاتمے کے لئے ان امریکیوں کی جانب سے عملی طور پر کوئی بھی موثر اور ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔

انصاراللہ کے رہنما محمد علی الحوثی کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ اس سے قبل امریکی وزارت خزانہ نے دعوی کیا تھا کہ یمن میں انسانی بحران کا خاتمہ کرنے کی غرض سے تحریک انصاراللہ کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

دوسری جانب یمن کے پیٹرولیم کے وزیر نے کہا ہے کہ یمن پر امریکی سعودی اتحاد کی چھے سالہ جارحیت کے دوران یمنی تیل کی انیس ٹریلین سے زائد یمنی ریال کی آمدنی کو لوٹا گیا ہے۔

یمن کے وزیر پٹرولیم احمد دارس نے المسیرہ ٹی وی سے گفتکو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ مارب میں یمن کے تیل کے ذخائر اور گیس کے ذخائر جو لوٹا گیا ہے اس کی کل رقم دو اعشاریہ سات ٹریلین یمنی ریال ہوتی ہے اور تیل و گیس کی برآمدات کی راہ میں جو رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ان کی مالیت بھی تقریبا اتنی ہوتی ہے-

   یمن کے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ جارح قوتوں  نے یمنی عوام کا گلا گھونٹنے اور ان کی استقامت کو کچلنے کے لئے یمن کی عام ذریعہ آمدنی پر اپنا ناجائز قبضہ جمالیا ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ تیل اور گیس سے متعلق یمن کی آمدنی تمام یمنی عوام کا حق ہے اور وہ اس مسلسل  اورمنظم لوٹ مار کے مقابلے میں ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے