موزامبیق کے ایک شہر پر داعش کا قبضہ
(این ایچ نیوز پاک)داعش دہشتگرد گروہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے افریقی ملک موزامبیق کےشمالی شہر پالما پر قبضہ کر لیا ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشتگرد گروہ نے گذشتہ بدھ سے شہر پالما پر حملہ شروع کیا تھا اور اب اس نے اس شہر پر قبضہ کرلینے کا دعوی کیا ہے۔
اس سے قبل رویٹرز نیوز ایجنسی نے موزامبیق کی وزارت دفاع کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ مسلح عناصر نے گیس کے ذخائر کے حامل ایک چھوٹے شہر پالما پر حملہ کردیا ہے اور اس حملے میں دسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لوگ شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں ۔
پالما شمالی موزامبیق میں واقع ایک ساحلی شہر ہے جو گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے اور فرانس کی ٹوٹل کمپنی اس علاقے کا تیل اور گیس نکالنے کے لئے تنصیبات لگا رہی ہے ۔
انتہا پسند اور دہشتگرد گروہ، سن دوہزار سترہ سے ہی موزامبیق کے کابودلگادو علاقے کے شہروں اور دیہاتوں پر حملے کر رہے ہیں اور اب تک سیکڑوں لوگوں کو ہلاک کر چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد اپنی جان بچا کر علاقے کو چھوڑ چکے ہیں-