ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں غلط بیانی سے کام لیا جا رہا ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں مغربی ممالک کے حالیہ بیانات کے رد عمل میں کہا ہے کہ مغربی ممالک مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔
فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں مغربی ممالک کے حالیہ بیانات کے رد عمل میں کہا کہ مغربی ممالک مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اور حقائق کو نظر انداز کیا جارہا ہے جبکہ مغربی ممالک مجرم اور مظلوم (قاتل و مقتول) کی جگہ بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔
محمد جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں جوہری معاہدے سے متعلق ایک دستاویز کو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں 16 جنوری 2016 سے 25 مارچ 2021 تک جوہری معاہدے کے حوالے سے ہونے والے واقعات کا انگریزی زبان میں ذکر ہوا ہے اور اس میں جوہری توانائی کے عالمی ادارے نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے پر مکمل طور پر عمل کیا ہے۔