افغانستان، نئے انتخابات ہونے تک عبوری حکومت کی تجویز
(این ایچ نیوز پاک)امریکہ کی نئی تجویز پر افغانستان کے متحارب دھڑوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں
امریکہ نے افغانستان میں نئے انتخابات ہونے تک عبوری حکومت کی تجویز پیش کی ہے۔
امریکہ کی تجویز کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے لیے نئے آئین پر اتفاق اور انتخابات منعقد ہونے تک ایک نئی عبوری انتظامیہ موجودہ حکومت کی جگہ لے گی اور ایک مشترکہ کمیشن جنگ بندی کی نگرانی کرے گا۔
ادھر افغانستان میں امن منصوبے کے حوالے سے امریکہ کی نئی تجویز کے اہم نکات پر متحارب دھڑوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں اور کسی بھی فریق نے ان تجاویز پر اب تک باضابطہ طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کی میزبانی کرے گا نہ اپنی سرزمین پر کسی طرح کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اجازت دے گا، جو دیگر ممالک کے لیے خطرہ ثابت ہوں، اس دوران طالبان کو اپنے محفوظ ٹھکانوں کو چھوڑنا پڑے گا اور پڑوسی ممالک سے فوجی رابطے ختم کرنے ہوں گے۔
معاہدے کے فوراً بعد فریقین کے درمیان مکمل جنگ بندی ہوگی اور طالبان افغانستان کے اندر اور دیگر ممالک میں اپنا تمام جنگی انفراسٹرکچر ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔
امریکہ کی مداخلتوں اور عدم اعتماد کی بنا پر افغانستان کے سیاسی و صحافتی حلقے اسے کابل حکومت کے لیے ایک مشکل تجویز قرار دے رہے ہیں۔