پاکستان کے وزیراعظم کی دنیا میں عدم مساوات پر کڑی نکتہ چینی

(این ایچ نیوزپاک )پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ملکوں کے درمیان عدم مساوات پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

کولمبو میں سری لنکا کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے دنیا میں عدم برابری کو بالکل واضح کر دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا نے غریب ممالک اور ہر ملک کے غریبوں کو زیادہ متاثر کیا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برداری پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور غریب ممالک کا ہاتھ بٹائیں۔
عالمی اداروں کے جائزوں اور تخمینوں کے مطابق کورونا کی وبا نے جہاں دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو مشکلات اور پریشانیوں کا شکار کیا ہے وہیں یہ بحران امیر ترین افراد کے لیے منافع بخش بھی رہا۔
آکسفام کے ایک جائزے کے مطابق کورونا وائرس کے دوران عالمی معیشت میں گراوٹ کے باوجود دنیا کے ارب پتی افراد کی دولت میں تقریبا چار کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور امریکہ کی پچیس بڑی کمپنیوں نے گزشتہ سالوں کی نسبت گیارہ فیصد زیادہ منافع کمایا ہے۔
کورونا ویکسین کی تقسیم کے دوران امیر اور غریب ممالک کے درمیان واضح فرق دکھائی دے رہا ہے۔ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا ویکسین کی اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ تاہم غریب ممالک کو ویکسین کے حصول کے لیے طویل راستہ طے کرنا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے